.

بحرین کے ساتھ متعدد اقتصادی معاہدوں پر دستخط کریں گے: اسرائیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کے وزیر خارجہ گیبے اشکینازے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک بحرین کے ساتھ متعدد اقتصادی معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

بحرین کا ایک وفد اسرائیل کا دورہ کر رہا ہے۔ دورے کا مقصد سیاحت اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کرنا ہے۔ وفد میں کئی وزراء شامل ہیں ، وفد اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرے گا۔

بحرین اور امارات نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرنے کے لیے ستمبر میں وائٹ ہاؤس میں سمجھوتوں پر دستخط کیے تھے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطبق بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اقتصادی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

ادھر بحرین کے وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امن کا عکس شہریوں پر نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ بہت سے اقتصادی مواقع موجود ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ کو رواں ہفتے بحرین کا دورہ کرنا تھا تاہم سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دورے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

اسرائیلی سفارتی ذرائع نے منگل کے روز بحرین کے تجارت، صنعت اور سیاحت کے وزیر زائد بن راشد الزيانی کے تل ابیب میں بن گوریون ہوائی اڈے پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔