سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں "رہبان" دیہی قدرتی جمال کا بھرپور منظر پیش کرتا ہے۔ پہاڑوں کے وسط میں موجود یہ گاؤں زرعی پیداوار اور بہتے پانی سے بھری وادیوں کے سبب نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ اس پیداوار میں "شہد" سرفہرست ہے۔
عسیر صوبے کے ضلع "محائل" میں واقع گاؤں "رہبان" تمام سمتوں سے پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے۔ گاؤں کے اطراف تقریبا 1000 مکعب میٹر کے رقبے پر پھیلا سرسبز علاقہ ہے جو فارم سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس علاقے کا نام "زهب ربي" ہے (زہب کا معنی زمین کا ٹکڑا ہے)۔ اس کے نیچے جبلِ ابو بقر ہے۔ یہاں بادلوں کی بھرمار ہوتی ہے اور نصب شب کو موسم سرد ہو جاتا ہے۔
سعودی فوٹوگرافر خالد ابو منصور نے اس گاؤں کی خوب صورتی کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "میں جب بھی اپنے ضلع کے اندر پہاڑوں اور وادیوں میں گھومتا پھرتا ہوں تو مجھے ہر روز ایک مختلف جمالیاتی منظر ملتا ہے۔ لہذا میں اسے اپنے ذاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے لوگوں تک منتقل کر دیتا ہوں"۔
یاد رہے کہ اسی علاقے میں واقع گاؤں "قناة" میں آثار قدیمہ کے کئی مقامات موجود ہیں جو اس کی تاریخی گہرائی کا پتہ دیتے ہیں۔ یہاں قدیم مساجد، قلعے، عوامی بازار، قبرستان، پانی کے چشمے اور مخطوطات و دستاویزات ہیں۔