جازان میں سعودی آرامکو کے پمپ میں فنّی تعطل ، صوبے میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر
دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی آرامکو نے اعلان کیا ہے کہ جازان میں پٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کے اسٹیشن پر ایک پمپ میں فنّی خرابی کے سبب تعطل آنے کے بعد صوبے میں ایندھن کے متعدد اسٹیشنوں پر بعض پٹرولیم مصنوعات میں قلت سامنے آئی ہے۔
وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزيز بن سلمان بن عبدالعزيز کی ہدایت پر وزارت توانائی سعودی آرامکو کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے کام کر رہی ہے۔ اس کا مقصد جازان صوبے میں پٹرولیم مصنوعات کی طلب پوری کرنے کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی آرامکو کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اس کی تکنیکی ٹیمیں اس فنی خرابی کی درستی کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں تا کہ اس اسٹیشن سے جازان صوبے کی ضرورت کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی دوبارہ ممکن بنائی جا سکے۔