متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق "کوویڈ – 19" کے لیے چینی دواساز کمپنی Sinopharm کی تیار کردہ ویکسین کو آج بدھ کے روز امارات میں سرکاری طور پر رجسٹر کر لیا گیا ہے۔
یہ اقدام مذکورہ چینی کمپنی کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے صحت کے حکام کا اس ویکسین کی سلامتی اور اس کے مؤثر ہونے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
اماراتی وزارت صحت نے چینی کمپنی سینوفارم کی جانب سے ویکسین کے تجربے کے تیسرے مرحلے کے نتائج کا جائزہ لیا تھا۔ ان نتائج کے مطابق کوویڈ – 19 کے خلاف اس ویکسین کے مؤثر ہونے کا تناسب 86% ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزارت صحت نے رواں سال ستمبر میں فیصلہ کیا تھا کہ ہنگامی استعمال کی اجازت کے تحت ویکسین فراہم کی جائے گی۔ اس کا مقصد کرونا کی وبا کے دوران صف اول میں کام کرنے والے کارکنان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
یاد رہے کہ ویکسین کے تجربے کے تیسرے مرحلے میں امارات میں 125 ممالک سے تعلق رکھنے والے 31 ہزار رضاکاروں نے شرکت کی تھی۔