یمن میں آئینی حکومت کے زیر انتظام مشترکہ افواج نے ملک کے مغربی صوبے الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کے عناصر کی پیش قدمی کی کوششیں ناکام بنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
مشترکہ افواج کے ضمن میں سرگرم العمالقہ بریگیڈز کے میڈیا مرکز کے بیان کے مطابق حوثیوں نے بدھ کے روز الحدیدہ کے جنوب مشرقی ضلع حیس کے شمال میں ایک وسیع حملہ کیا۔ اس دوران درمیانے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشترکہ افواج نے الحدیدہ شہر کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ اس کے نتیجے میں متعدد حوثی ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
ادھر العمالقہ بریگیڈز کے مطابق ففتھ بریگیڈ کی انجینئرنگ ٹیم نے قوس النصر میں 100 اور مصنع العیسی میں 30 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا۔
دوسری جانب یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کی افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ عرب اتحاد کی بحریہ نے بدھ کی شام بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنا دی۔ المالکی کے مطابق حوثیوں نے الحدیدہ صوبے سے دھماکا خیز مواد سے بھری دو کشتیاں بھیجی تھیں جن کو اتحادی افواج کی بحریہ نے تباہ کر دیا۔
المالکی نے واضح کیا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا نے الحدیدہ صوبے کو اپنا گڑھ بنایا ہوا ہے۔ یہاں سے وہ بیلسٹک میزائل داغنے، دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرون طیاروں اور سمندری کشتیوں کو بھیجنے اور اسی طرح اندھا دھند طور پر سمندری بارودی سرنگیں بچھانے کا کام انجام دیتی ہے۔ یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔