.

سعودی ٹورزم اتھارٹی کا "سردی آپ کے گِرد" سیزن کے آغاز کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ٹورزم اتھارٹی نے 10 دسمبر 2020ء سے مارچ 2021ء کے اواخر تک "الشتاء حولك" (سردی آپ کے گرد) کے عنوان سے مملکت میں موسم سرما کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام سعودی عرب میں 17 سیاحتی مقامات پر جاری رہے گا۔

سیزن کے دوران 300 سے زیادہ سیاحتی تجربات اور پیکجز پیش کیے جائیں گے۔ ان کے علاوہ متعدد نمائشوں کا انعقاد ہو گا جو نجی سیکٹر کی 200 سے زیادہ تنصیبات پیش کریں گی۔ ان سے مملکت کے شہری ، مقیم افراد اور خلیجی ممالک کے شہری لطف اندوز ہو سکیں گے۔

موسم سرما کے دوران جن سترہ مقامات کو سیاحت کے لیے پیش کیا جائے گا ان میں ریاض ، الدرعیہ، تبوک، الجوف، حائل، العلا، دمام، الخبر، الاحساء، جدہ، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، ینبع، املج، طائف، الباحہ، عسیر اور جازان شامل ہیں۔

اس سلسلے میں سعودی وزیر سیاحت اور سعودی ٹورزم اتھارٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں سعودی سیاحتی نظام میں شامل سرکاری اور نجی دونوں سیکٹر اپنے طور پر شان دار سیاحتی تجربات پیش کریں گے۔ اس دوران آنے والے افراد حالیہ سیزن میں سعودی عرب کی فضا کو ممتاز بنانے والے ماحولیاتی تنوع سے لطف اندوز ہوں گے۔ اسی طرح صحراؤں، ریت کے ٹیلوں، چٹیل میدانوں، وادیوں، ساحلوں اور پہاڑی علاقوں کے سحر انگیز قدرتی مناظر دلوں کو موہ لیں گے۔

الخطیب نے باور کرایا کہ ان تمام سرگرمیوں کے دوران حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات پر مشتمل پروٹوکول کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب سعودی ٹورزم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو فہد بن محمد حمید الدین کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی کوششیں جاری ہیں اور سعودی ونٹر سیزن کے آغاز پر "سردی آپ کے گرد" کے عنوان سے ان کوششوں کو جِلا ملی ہے۔ اس حوالے سے سیاحت کے نجی سیکٹر کے ساتھ ممتاز نوعیت کی شراکت داری انجام دی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد مملکت میں موسم سرما کی شان دار فضاؤں میں دل چسپ اور تفریح سے بھرپور سیاحتی تجربات اور سرگرمیاں پیش کرنا ہے۔