عراق: کرکوک میں داعش تنظیم کا رکن گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

عراق میں پولیس نے ہفتے کے روز ملک کے شمال مشرقی صوبے کرکوک میں داعش تنظیم کے ایک رکن کو گرفتار کر لیا۔ یہ شخص صوبے کے علاقوں پر تنظیم کے قبضے کے دوران شہریوں کو دہشت زدہ کرنے کے واسطے سر قلم کرنے کے وڈیو کلپس دکھایا کرتا تھا۔

حراست میں لیا جانے والا داعشی سوشل میڈیا پر دہشت گردی کی کارروائیاں نشر کرتا تھا۔ اس دوران وہ بے قصور لوگوں کی گردنیں کاٹے جانے اور قتل کیے جانے سے متعلق وڈیو کلپس نشر کرتا تھا۔

عراقی خبر رساں ایجنسی "واع" کے مطابق یہ شخص کرکوک کے ایک بازار میں بڑی اسکرین پر مذکورہ وڈیو کلپس پیش کرتا تھا تاکہ شہریوں میں خوف و دہشت بٹھائی جا سکے۔

پکڑے جانے والے داعشی کے قبضے سے کمپیوٹر ڈسکس بھی برآمد ہوئیں جن میں دہشت گردی سے متعلق کارروائیاں اور وڈیو کلپس محفوظ ہیں۔ یہ کارروائیاں داعش کی ٹولیاں شہریوں کے خلاف انجام دیا کرتی تھیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ بدھ کے روز کرکوک میں ایک چھوٹی فیلڈ میں تیل کے دو کنوؤں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ عراقی وزارت تیل نے اس حملے کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔

داعش تنظیم نے ٹیلی گرام پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان کے ذریعے حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ تاہم اس دعوے کی سپورٹ میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں