صحافی کو پھانسی دینے پر تنقید کرنے والےایرانی عالم پرعلی خامنہ ای کے حامی برہم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران میں ایک سینیر صحافی روح اللہ زم کو پھانسی دینے کی مذمت کرنے والے ایک ایرانی عالم دین آیت اللہ محمود امجد پر سپریم لیڈر کے حامیوں کی طرف سے سخت غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ کے مطابق ایران میں اہل تشیع کے بڑے مذہبی مرکز اور درسگاہ 'حوزہ قم' کی تنظیم اساتذہ نے ایک بیان میں آیت اللہ محمود امجد کو 'جاہل' قرار دیا ہے۔

Advertisement

خیال رہے کہ چند روز پیشتر آیت اللہ امجد نے صحافی روح اللہ زم کو پھانسی دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انصاف کا قتل قرار دیا تھا۔

ایرانی شیعہ اساتذہ ایسوسی ایشن نے اتوار کے روز ایک بیان میں آیت اللہ محمود امجد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھیں "جاہل" اور غیرملکی دشمن طاقتوں کا آلہ کار قرار دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آیت اللہ محمود امجد صحافی کو پھانسی دینے کی مذمت کرکے اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہوئے ہیں اور انھوں نے ولی الامر کی نافرمانی کی ہے۔

اساتذہ یونین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں علامہ محمود امجد اور زم کو پھانسی دینے کی مذمت کرنے والوں کو ایران کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں ایرانی عالم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنے الفاظ واپس لیتے ہوئے توبہ کریں۔

خیال رہے کہ آیت اللہ محمود امجد نے صحافی کےقتل پر عراق کے سرکردہ شیعہ رہ نما آیت اللہ علی السیستانی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ السیستانی کو اس واقعے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

روح اللہ زم کو گذشتہ ہفتےملک کے ساتھ'غداری' کے الزام میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں