کرونا سے بچاؤ کے لیے مملکت میں داخلے کے مقامات پر سخت اقدامات کیے ہیں: سعودی وزارت صحت
سعودی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پیر کی شام ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچنے والے 34 مسافروں کی طبی جانچ کی گئی۔ یہ مسافر ہالینڈ سے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ اس سلسلے میں مطلوبہ احتیاطی اقدامات پورے کیے گئے۔ مسافروں کے نمونے لیے گئے اور ان تمام کا نتیجہ منفی آیا۔
مذکورہ کارروائی وزارت صحت کی جانب سے کووڈ-19 کے حوالے سے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا حصہ ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ اس وقت اُن مسافروں کی فہرست کو نمٹایا جا رہا ہے جو 8 دسمبر 2020ء کے بعد مملکت پہنچے ہیں۔ ان کا پیشگی ٹیسٹ کا نتیجہ منفی رہا اور ان کی تعداد 1131 ہے۔ وزارت صحت نے ان افراد سے ٹیسٹ کرانے اور تنہائی کی پابندی کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزارت صحت نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی استفسار کے لیے @SaudiMOH937 پر رابطہ کر کے سرکاری ذرائع سے مصدقہ معلومات حاصل کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔