یمن میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے دفتر نے حوثی ملیشیا کے زیر انتظام میڈیا میں زیرِ گردش اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے صنعاء کے ایک ہسپتال میں موجود جسمانی طور پر جڑے ہوئے دو جڑواں بچوں کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
یمن میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر کی جانب سے مذکورہ تردید پیر کے روز ٹویٹر پر سرکاری ٹویٹ میں کی گئی۔
اس سے قبل اتوار کی شام حوثی ملیشیا نے دونوں جڑے ہوئے بچوں کو شاہ سلمان امدادی مرکز کی سرپرستی میں یمن سے باہر منتقل کرنے کی اقوام متحدہ کی پیش کش کو مسترد کر دیا تھا۔
صنعاء میں السبعین ہسپتال میں جڑواں بچوں کی حالت سے باخبر طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثیوں نے بچوں کے گھر والوں اور نگراں طبیبوں کو دونوں بچوں کی حالت سے آگاہ نہیں کیا جب کہ دونوں بچوں کو فوری طور پر بیرون ملک علاج کی ضرورت ہے۔
صنعاء میں السبعین ہسپتال نے انسانی اپیل جاری کی تھی کہ جڑے ہوئے بچوں کے بیرون ملک علاج کے واسطے حرکت میں آیا جائے۔ اس لیے کہ متعلقہ ہسپتال میں بچوں کو علاحدہ کرنے کے آپریشن کے انتظامات نہیں ہیں۔