.

کرونا وائرس: کویت میں 1.5 لاکھ ویکسین خوراکیں موصول، دبئی میں ویکسینیشن کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

العربیہ نیوز کی نامہ نگار کے مطابق کرونا ویکسین ک 1.5 لاکھ خوراکیں آب بدھ کے روز کویت پہنچ گئی ہیں۔

کویت کے وزیر صحت شیخ باسل الصباح نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کووڈ-19 کی ویسکین کی پہلی کھیپ بدھ کو علی الصبح پہنچ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے کے آخر تک ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔

اخباری بیان میں کویتی وزیر کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کے عمل کو چار مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے طبی نگہداشت پیش کرنے والے تمام افراد اور 65 برس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین دی جائے گی۔ بقیہ مراحل میں معاشرے کے تمام دیگر طبقات کو شامل کیا جائے گا۔

وزیر صحت کے مطابق متعلقہ ویب سائٹ کے ذریعے کرونا کی ویکسین کے لیے پیشگی اندراج کرانے والوں کی تعداد اب تک 73700 افراد تک پہنچ چکی ہے۔ اندراج کے عمل میں لوگوں کی بھرپور دل چسی دیکھی جا رہی ہے۔

ادھر دبئی میں آج کووڈ-19 کے خلاف ویکسینیشن کی وسیع اور مفت مہم کا آغاز ہو گیا۔ اس مقصد کے لیے فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین استعمال کی جا رہی ہے۔ ابوظبی کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی سیاحوں کا استقبال 24 دسمبر سے شروع ہو جائے گا۔

امارات کی وزارت صحت نے منگل کے روز فائزر کمپنی کی ویسکین کی ہنگامی رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا۔ یہ متحدہ عرب امارات میں مندرج اور منظور کی جانے والی دوسری ویکسین ہے۔

واضح رہے کہ جائزے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ مذکورہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی FDA کے مطابق ویکسین نے جانچ اور کارگر ہونے کے مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے۔