یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں میں گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے اقوام متحدہ کی اعلان کردہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب دیکھا گیا۔ یہ خلاف ورزیاں التحیتا ضلع میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کی صورت میں سامنے آئیں۔ اس دوران یمنی مشترکہ فوج نے دو راکٹوں کو ناکارہ بنا دیا جنہیں حوثی ملیشیا نے دھماکا خیز آلات میں تبدیل کر دیا تھا۔
الحدیدہ صوبے کے جنوبی ضلع التحیتا میں واقع علاقے الجروبہ میں حوثی ملیشیا کی بم باری کے نتیجے میں شہریوں کے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔
التحیتا کے رہنے والوں نے اپنے خلاف حوثی ملیشیا کی سنگین خلاف ورزیوں اور جرائم کے ارتکاب کی شدید مذمت کی ہے۔
اس دوران الجروبہ کے علاقے کی رہائشی خواتین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے مسلسل بم باری کے سبب وہ اپنے گھروں میں ٹھہری نہیں رہ سکتیں۔
اس سے چند گھنٹے قبل حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر کے مشرق میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران دہشت گرد ملیشیا نے درمیانے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حوثیوں نے شارع الخمسین اور کلیو 16 میں شہریوں کے گھروں پر بھرپور انداز میں براہ راست فائرنگ کی۔ اس کے سبب علاقے میں رہنے والوں کے بیچ خوف و ہراس پھیل گیا۔
حوثی ملیشیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر الحدیدہ صوبے کے اضلاع میں رہائشی علاقوں اور شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنا کر اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مشترکہ یمنی فوج نے التحیتا ضلع کے مختلف علاقوں کے اوپر حوثیوں کے 5 جاسوس ڈرون طیاروں کا پتہ چلایا۔
مشترکہ افواج نے گذشتہ روز بھی الحدیدہ کے علاقوں کے اوپر حوثی ملیشیا کے 11 جاسوس طیاروں کا پتہ چلایا تھا۔