اردن: چینی دوا سازکمپنی سائنوفارم کی کووِڈ-19 کی ویکسین ہنگامی استعمال کے لیے منظور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اردن نے چین کی دواساز کمپنی سائنوفارم کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔اس سے پہلے اردنی حکومت نے امریکی کمپنی فائزرکی جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

اردن کی خوراک اور ادویہ اتھارٹی کے سربراہ نزار مہیدات نے اتوار کے روز سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا ہے کہ ’’سائنوفارم ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔فائزر کی ویکسین کے بعد اردن میں یہ دوسری منظور شدہ ویکسین ہے۔‘‘

Advertisement

سائنوفارم کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین کووِڈ-19 سے تحفظ میں 79 فی صد مؤثر ہے۔اردنی وزیرصحت نذیرعبیدات نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ اردن نے فائزر اوربائیو این ٹیک کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اردن کو گلوبل ’کوویکس پروگرام‘ کے تحت برطانوی کمپنی آسٹرا زینیکا/آکسفورڈ کی تیارکردہ ویکسین کی ساڑھے چھے لاکھ خوراکیں ملنے کی توقع ہے۔اس ضمن میں اردن کا امریکا کے گروپ جانسن اینڈ جانسن سے سمجھوتا طے پا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت دنیا کےغریب ممالک کو کووِڈ-19 کی ویکسین مفت یا ارزاں نرخوں پر مہیا کی جائے گی۔

اردنی حکومت نے ابھی تک ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ملک کی 20 سے 25 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ اردن کی کل آبادی ایک کروڑ 10 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

اردن کے صحت حکام کا کہنا ہے فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کی پہلی کھیپ جنوری کے آخر یا فروری کے اوائل تک پہنچ جائے گی اور ملک میں قائم تمام طبی مراکز میں اردنی شہریوں اور مکینوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔

اردن میں اب تک سرکاری طور پر کرونا وائرس کے 305000 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ان میں سے قریباً چار ہزار مریض وفات پاچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں