.

سعودی طالبات نے آن لائن انسائیکلوپیڈیا کے لیے عربی اور اسلامی مواد تیار کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بین الاقوامی انسائیکلوپیڈیا "ویکی پیڈیا" میں عربی مواد سے متعلق Wiki Dawwin کا خصوصی منصوبہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس دوران تاریخی موضوعات پر مشتمل 100 سے زیادہ مضامین کو انگریزی سے عربی میں ترجمہ کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد عربی مواد کو سائنسی اور مؤثر شکل میں بھرپور طریقے سے پیش کرنا اور عربی مواد پر مشتمل مضامین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ منصوبے کو شاہ عبدالعزیز پبلشنگ ہاؤس کے زیر انتظام 'سعودی ڈیجیٹل ہسٹری سینٹر' اور امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی کے 'لینگویج اینڈ ٹرانسلیشن ڈپارٹمنٹ' اور 'ہسٹری اینڈ سولائزیشن ڈپارٹمنٹ' کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔

منصوبے کی نگرانی شعبہ تاریخ و تہذیب کی دو خواتین اساتذہ ابتسام الزہرانی اور نورہ الموینع نے کی۔ منصوبے میں شعبہ زبان و ترجمہ کی 120 کے قریب طالبات نے شریک ہو کر کام کیا۔

منصوبے کا مقصد قومی، عربی اور اسلامی مواد کو ویکی پیڈیا انسائیکلوپیڈیا میں بھرپور طریقے سے پیش کرنا ہے۔ اس کے لیے مرکزی مآخذ کتب اور مستند اور قابل اعتماد معلومات کی جانب رجوع کر کے مضامین کا ترجمہ کیا گیا۔ اس طرح مملکت سعودی عرب کی تاریخ و تہذیب کے متعلق تعلیمی اور ڈیجیٹل مواد نشر کرنا بھی منصوبے کے مقاصد میں شامل ہے۔ ترجمہ کیے گئے مضمامین تاریخ، تہذیب، تاریخی ورثے، یادگاری مقامات، مشہور شخصیات اور سوانحی خاکوں سے متعلق ہیں۔