مصر میں سیکورٹی اداروں نے ہفتے کے روز ایک جوڑے کو ان کی شادی کی رات حراست میں لے لیا۔ یہ انوکھا واقعہ دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں الہرم کے علاقے میں پیش آیا۔ دلہا اور دلہن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے فلیٹ کے اندر آثار قدیمہ کی کھوج میں کھود کرید کی۔
حکام کو اس حوالے سے 10 اشیاء ملیں جو دلہا اور دلہن نے اپنے فلیٹ کے باورچی خانے کے اندر ایک گڑھے سے نکالی تھیں۔
نوجوان جوڑے نے شادی کی رات اپنے گھر والوں کی معاونت سے یہ کام انجام دیا۔ اس دوران پڑوسیوں کو توڑ پھوڑ کی عجیب سی آوازیں سنائی دیں جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر چھاپا مارا۔
پولیس کی جانب سے تفصیلی جانچ پر معلوم ہوا کہ باورچی خانے کے گڑھے کے آخر میں ایک سرنگ موجود ہے جس کا اختتام ایک فرعونی قبرستان پر جا کر ہوتا ہے۔
دلہا دلہن سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں دونوں نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ بعد ازاں دونوں افراد کو الہرم پولیس مرکز پہنچا دیا گیا