.

حوثیوں کے حملوں کے خلاف امارات کا سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے تین ڈرون طیاروں کے ذریعے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت مذموم عمل قرار دیا ہے۔ یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کی افواج نے مذکورہ طیاروں کو مار گرایا تھا۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں ایک بار پھر "مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے امن و استحکام کو درپیش ہر خطرے کے خلاف امارات، مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ امارات مملکت سعودی عرب کی جانب سے کیے گئے ان تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد اپنی سرزمین ، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کرنا ہے"۔

بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور مملکت سعودی عرب کا امن "جزو لا ینفک" ہے اور سعودی عرب کو درپیش کوئی بھی خطرہ امارات کے امن و استحکام کے لیے خطرہ شمار کیا جائے گا۔