.

سعودی عرب: مختلف علاقوں میں بارشوں، دھند، آندھی اور سمندری طغیانی کی وارننگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے مملکت کے بعض علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارشوں، دھند، تیز ہواؤں، ریت کے غبار اور سمندری موجوں میں طغیانی کی توقع ظاہر کی ہے۔

اس حوالے سے مرکز نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر سلسلہ وار تنبیہات جاری کی ہیں۔ ٹویٹ کے مطابق تین صوبوں الجوف، شمالی حدود اور تبوک میں بارشوں کے ساتھ ساتھ دھند اور برف باری دیکھی جا سکتی ہے۔

علاوہ ازیں تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور القصیم میں تند و تیز ہوائیں چلنے اور گرد و غبار کی آندھی کا امکان ہے۔ ساتھ ہی حدّ نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے۔

اسی نوعیت کی صورت حال اس وقت ریاض اور الشرقیہ صوبے میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔

موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ صوبوں کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ سمندری موجوں میں طغیانی کا امکان ہے۔