مدینہ منورہ میں کھجور کے درختوں کی مجموعی تعداد 47 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان میں عجوہ کھجور کے درختوں کی تعداد تقریبا 9 لاکھ ہے۔ یہ تناسب مدینہ میں کھجور کے درختوں کی مجموعی تعداد کا 19 فی صد کے قریب ہے۔
یہ بات مدینہ منورہ کے ایوانِ تجارت و صنعت کے سکریٹری جنرل انجینئرعبداللہ ابو النصر نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ یہ پریس کانفرنس International Virtual Exhibition for Madinah Dates کے ضمن میں منعقد ہوئی۔ ابو النصر کے مطابق مملکت میں کھجور کے پھل دار درختوں کی تعداد کے لحاظ سے مدینہ منورہ کا تیسرا نمبر ہے۔ یہاں ان درختوں کی تعداد 47.5 لاکھ کے قریب ہے۔ یہ سعودی عرب میں کھجور کے درختوں کی مجموعی تعداد کا 15.2% اورمملکت میں کھجور کی مجموعی پیداوار کا 14% ہے۔
مدینہ منورہ میں کھجوروں کی نمائش کا افتتاح گذشتہ روز ہوا۔ تین روزہ نمائش 21 جنوری تک جاری رہے گی۔ نمائش کو مدینہ منورہ صوبے کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور مدینہ منورہ ایوانِ تجارت و صنعت کی سرپرستی حاصل ہے۔ علاوہ ازیں نمائش کے انعقاد میں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ ، انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن اور انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کا تعاون شامل ہے۔
واضح رہے کہ 2016ء میں مدینہ منورہ میں کھجور کی پیداوار کے سیکٹر کو مزید ترقی دینے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے دو اہم منصوبے شروع کیے گئے تھے جو ابھی جاری ہیں۔