سعودی عرب میں 'جنرل اتھارٹی آف زکات اینڈ ٹیکس' نے ٹیکس دہندگان کے لیے مالی جرمانوں اور ہرجانوں میں چُھوٹ کی مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ اتھارٹی کے بیان کے مطابق اب اس چُھوٹ کا وقت 30 جون 2021ء کو اختتام پذیر ہو گا۔ یہ فیصلہ کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں مملکت میں اقتصادی اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے کے سبب کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رواں سال جنوری سے مارچ کے دوران ٹیکس کی اصل واجب الادا رقم کی ادائیگی کر دینے والوں کو جرمانوں میں 100% چُھوٹ ملے گی۔ اپریل اور مئی میں ادائیگی کرنے والوں کو جرمانوں میں 75% چھوٹ ملے گی جب کہ جون 2021ء میں ادائیگی کرنے والوں کو جرمانوں کی مالیت میں 50% چُھوٹ دی جائے گی۔
اتھارٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مذکورہ چُھوٹ اور رعائت صرف ٹیکس کی ادائیگی میں تاخیر کرنے والوں کے لیے ہے۔ اس چُھوٹ میں ٹیکس کی چوری سے متعلق خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد یا دیگر وجوہات کی بنا پر ٹیکس ادا نہ کرنے والے افراد شامل نہیں ہوں گے۔