.

کیا آپ جانتے ہیں کہ خانہ کعبہ کو کیسے اور کتنے منٹ‌ میں صاف کیا جاتا ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے کی طرف سےخانہ کعبہ شریف کی چھت کو صاف رکھنے کےلیے 40 رکنی ایک ٹیم قائم کی گئی ہے جو اپنے ٹائم فریم کے مطابق صرف چالیس منٹ میں خانہ کعبہ کی چھت کو پاک اور صاف کر دیتی ہے۔

الحرمین الشریفین کی تکنیکی سروسز امور کےسیکرٹری جنرل محمد الجابری نے بتایا کہ مسجد حرام کے قالینوں کی صفائی کی ذمہ دار انتظامیہ خانہ کعبہ کی چھت کو بھی آلات اور مشینوں کی مدد سے صاف کرتی ہے۔ خانہ کعبہ کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر کئی مراحل میں ہوتی ہے۔ پہلے مرحلے میں خانہ کعبہ کی چھت پرموجود گرد اور پرندوں کے فضلے کو صاف کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد غلاف کعبہ کے بیرون حصے کو مکمل طور پر ایک پارصاف کیا جاتا ہے۔ خانہ کعبہ کی دیوار کو صاف کیا جاتا ہے اور باب کعبہ کو گیلے کپڑے کے ساتھ صاف کرنے کے بعد ان پر پانی چھڑکا جاتا ہے۔ آخر میں انہیں خشک کیا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں‌الجابری نے کہا کہ یہ سارا کام صرف 40 منٹ میں ہوجاتا ہے۔ خانہ کعبہ اور مسجد حرام کو صاف رکھنے اور سنگ مرمر کو محفوظ رکھنے کے لیے جدید آلات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ اللہ کے گھر کی رونق ہمہ وقت قائم و دائم رہے۔