.

یواے ای: اُوبر کی صارفین کو کووِڈ-19 کے ویکسی نیشن مراکز تک رعایتی سفر کی پیش کش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں ٹیکسی رائیڈ کمپنی اُوبر نے ویکسی نیشن مراکز تک ویکسین لگوانے کے لیے جانے اور وہاں سے آنے والوں کے لیے اپنے کرائے میں 25 فی صد رعایت کی پیش کش کی ہے۔

اُوبر کمپنی نے کہا ہے کہ اس کی ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین 20 اماراتی درہم واپس لینے کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔یہ رعایتی سفری نرخ 25 جنوری سے 8 فروری تک پیش کیے جارہے ہیں۔اس سے تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے ہرعمر کے افراد استفادہ کرسکتے ہیں۔

اُوبر کی یہ سروس اس وقت دبئی ، شارجہ اور ابوظبی میں پیش کی جارہی ہے اور صارفین ان شہروں میں قائم 43 ویکسی نیشن مراکز تک جانے اور وہاں سے واپس آنے کے لیے اُوبر کی ایپ کے ذریعے گاڑی بُک کرسکتے ہیں۔

یو اے ای میں اُوبر کے جنرل مینجر رفد محسنہ کا کہنا ہے کہ’’ہم حکومت کی مارچ کے آخر تک 50 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور ہم ان کوششوں میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

یواے ای دنیا بھرمیں اب تک کرونا وائرس کی ویکسین کی تقسیم کی شرح کے اعتبار سے پہلے نمبر پرہے۔ اماراتی حکومت ملک کی 50 فی صد آبادی کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگانا چاہتی ہے۔ملک بھر میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی 20 لاکھ سے زیادہ خوراکیں تقسیم کی جاچکی ہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ یو اے ای کی 20۰88 فی صد آبادی کو کروناوائرس کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

اس خلیجی عرب ملک میں شامل سات میں سے چھےامارتوں میں ویکسین لگانے کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔یو اے ای کے مکین اور شہری دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی ایپ یا اس کے ٹال فری نمبر 800342 کے ذریعے ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں۔