.

بزرگ شہری کو سیلابی ریلے سے بچانے والے سعودی نوجوان کی بہادری کے چرچے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک سعودی نوجوان کی بہادری اور شجاعت کے خوب چرچے جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک نوجوان کو بزرگ شہری کی سیلابی ریلے میں‌ جان بچاتے دکھایا گیا ہے۔

یہ واقعہ سعودی عرب کے شمال مغرب کی ایک وادی میں اس وقت پیش آیا جب موسلا دھار بارش کے نتیجے میں سیلابی ریلا بہہ نکلا جس نے ایک بزرگ شہری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سعودی عرب کے شمال مغربی علاقے ضبا میں پیش آنے والے واقعے میں سعودی نوجوان کی طرف سے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے پر اس کی غیر معمولی تحسین کی جا رہی ہے۔

اس نوجوان کی بہادری کے چرچے کے بعد العربیہ ڈاٹ نیٹ نے نوجوان سے رابطہ کیا۔ اس نے اپنی شناخت ابراہیم سلیم الحویطی کے نام سے کرائی۔ اس کی عمر تیس سال کے قریب ہے جب کہ سیلابی ریلے میں ڈوبتے ہوئے بچ جانے والے بزرگ اس کے رشتہ دار ہیں۔ نوجوان نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے پاس جا رہا تھا کہ اچانک اس نے دیکھا کہ ایک کار سیلابی ریلے میں پھنسی ہوئی ہے اور ایک بزرگ جن کی عمر ستر سال کے قریب ہے اس کار کی چھت پر ہیں اور مدد مانگ رہے ہیں۔

الحویطی نے بتایا کہ میں تیزی کے ساتھ پانی میں کود پڑا اور بزرگ کو باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔ اس دوران پانی کا ریلا اسے بھی اپنے ساتھ گھیسٹنے کی کوشش کرتا رہا۔ اس نے بتایا کہ میں‌ نے بزرگ شہری کو اپنی کمر پراٹھایا اس پانی سے باہر نکالا۔ ابراہیم الحویطی نے بتایا کہ اس کے دوست اس سارے منظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے رہے۔