کووڈ۔۱۹ ضوابط کی خلاف ورزی پر گھریلو پارٹی کے منتظم کو 13 ہزار ڈالر جرمانہ
موسیقی کی دھن پر ناچنے والے پارٹی کے ہر شریک کو بھی چار ہزار جرمانہ ادا کرنا ہو گا
دبئی حکام نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں نجی پارٹی منعقد کرنے کی پاداش میں میزبان کو 50 ہزار اماراتی درہم [13ہزار ڈالر] جرمانہ کی سزا دی ہے جبکہ پارٹی میں شریک ہر شخص کو الگ سے 15 ہزار اماراتی درہم [چار ہزار ڈالر] بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
دبئی میڈیا آفس نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس امر کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ "دبئی محکمہ سیاحت کے تعاون سے دبئی پولیس نے پارٹی کے منتظم کو پچاس ہزار درہم جبکہ اس میں شمولیت کرنے والے ہر شخص کو الگ سے پندرہ ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی کیونکہ کرونا وائرس جیسی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد گھر میں ایسے اجتماعات حفظ ماتقدم کے طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی سمجھے جاتے ہیں۔"
ٹویٹر کے ذریعے مشتہر کی جانے والی ایک ویڈیو جس میں شرکا کے چہرے نمایاں نہیں، دیکھا جا سکتا ہے کہ پارٹی کے شرکاء فلک شگاف موسیقی کی دھن پر رقص کر رہے ہیں۔
امارت دبئی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یکم فروری سے تفریحی سرگرمیوں اور طعام گاہوں پر سخت پابندیاں عاید کی ہیں اور ان کی خلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانے عاید کیے جارہے ہیں۔
دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسیس اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے ان نئی پابندیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا ہے۔دبئی کے میڈیا دفتر کے مطابق پب اور بارفروری کا پورا مہینہ بند رہیں گے۔
عمارتوں کے اندرون میں شرکاء کی تعداد کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سینماگھروں ، تفریحی مراکز ،اندرونی کھیلوں کی جگہوں میں ان کی کل گنجائش کے صرف 50 فی صد شرکاء کو بیٹھنے کی اجازت ہے۔
ہوٹلوں میں گنجائش 70 فی صد تک محدود کردی گئی ہے شاپنگ مالوں میں بھی 70 فی صد گنجائش کی پابندی رہے گی اور کسی خریداری مرکز میں اس کی کل گنجائش کے مقابلے میں صرف 70 فی صد افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔حکومت نے ریستوران اور کیفے رات ایک بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی ہے اور ان میں کوئی تفریحی سرگرمی منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے سوموار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 2798 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اب ملک میں کروناوائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 329293 ہوگئی ہے۔
-
دبئی میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مالوں، ہوٹلوں پر پابندیاں مزید سخت،بار بند
امارت دبئی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور طعام گاہوں پر سخت پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ خلاف ورزی ... بين الاقوامى -
سعودی قونصل جنرل نے دبئی کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں
دبئی میں متعین سعودی عرب کے قونصل جنرل عبداللہ بن منصور المطوع نے امارات کی وزارت خارجہ اور عالمی تعاون کے ڈائریکٹر الشیخ مکتوم بن بطی آل مکتوم کو ... مشرق وسطی -
’’معاہدہ ابراہیم‘‘ کے بعد دبئی اور اسرائیل کے درمیان ایک ارب درہم کی تجارت
دبئی اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ پانچ ماہ کے دوران میں دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب درہم (27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) تک پہنچ گیا ہے۔ اسرائیل اور متحدہ عرب ... بين الاقوامى