.

قطر نے سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تبادلے کے لیے "ابو سمرہ" زمینی گزر گاہ کھول دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر میں کسٹم جنرل اتھارٹی کی زمینی راستوں کی انتظامیہ نے "ابو سمرہ" کی سرحدی گزر گاہ کے ذریعے قطر اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تبادلے کو کھولنے سے متعلق اقدامات اتوار کے روز شروع کر دیے۔ قطری سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس پیش رفت کا مقصد سامان اور تجارتی کھیپوں کی درآمد اور برآمد کا سلسلہ شروع کرنا ہے۔

قطر کے حکام نے سعودی عرب میں "سلوی" کی سرحدی گزر گاہ سے قطر میں "ابو سمرہ" کی گزر گاہ تک آنے والے سامان کی نقل و حرکت کے حوالے سے کرونا وائرس ے متعلق احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر لاگو کی ہیں۔

قطری حکام کے مطابق سعودی عرب سے سامان لانے والے ڈرائیوروں کے لیے مملکت کی وزارت صحت کا تصدیق شدہ سرٹفکیٹ لازم ہو گا جو یہ ثابت کرے کہ ان افراد کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو ہے۔ یہ سرٹفکیٹ 72 گھنٹوں سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔

سعودی عرب اور قطر کے درمیان زمینی سرحد کے ذریعے آمد و رفت کا سلسلہ تین برس بعد پہلی مرتبہ 9 جنوری کو دوبارہ شروع ہوا۔ اس سے قبل سعودی عرب نے 4 جنوری کو قطر کے ساتھ زمینی ، سمندری اور فضائی حدود کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ کویتی وزیر خارجہ شیخ احمد ناصر المحمد الصباح نے 5 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ قطر اور سعودی عرب کے درمیان تمام سرحدوں کے کھولے جانے کا سمجھوتا طے پا گیا ہے۔