.

سعودی عرب کے مغربی علاقوں میں سردی اور بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ماہر موسمیات صالح شیخی نے کہا ہے کہ مملکت کے مغربی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ بارش اور سردی کی نئی لہر کے نتیجے میں مکہ معظمہ میں درجہ حرارت کمی سے کم 13 درجے سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ 'ٹویٹر' پر پوسٹ کی گئی متعدد ٹویٹس میں الشیخی کا کہنا ہے کہ مملکت کے مغربی علاقوں میں 23 فروری سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا بعض مقامات پر ہلکی، بعض میں درمیانے درجے کی اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں طائف کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

صالح شیخی کا کہنا تھا کہ ساحلی علاقوں میں سمندری لہروں کے بلند ہونے کا بھی امکان ہے تاہم جدہ کے ساحل پر لہروں سے کوئی خطرہ نہیں۔ جنوبی جدہ میں الشعبیہ کے اطراف میں سمندری لہروں کے بلند ہونے کے امکانات ہیں۔ منگل 23 فروری سے جمعہ 26 فروری تک صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے جمعہ سے موسم معتدل ہونا شروع ہوجائے گا۔

منگل کے روز سے مملکت کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت کم سے کم رہے گا۔ مکہ میں کم سے کم 13، جدہ میں 16، طائف میں 7، الشفا میں 4، الھدا میں 5، رابغ میں 16، اللیث میں 20، دوقہ میں 21، القنفذہ میں 22، اضم میں 19 اور تربہ میں 9 درجے سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔