.

سعودی عرب : فارمولا - E کار ریس 26 اور 27 فروری کو ہو گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے علاقے الدرعیہ میں رواں ماہ 26 اور 27 فروری کو مسلسل تیسرے سال "فارمولا E" کار ریس کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ریس کے مقابلے شام کے اوقات میں ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے مذکورہ بین الاقوامی ریس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹریک کو LED ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے روشن کیا جائے گا۔ ریس کا انتظام سعودی وزارت کھیل نے کیا ہے۔ وزارت کو سعودی آٹو موبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کا تعاون حاصل ہے۔

ریس میں 12 ٹیموں کے 24 ڈرائیورز شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں بجلی کی ریسنگ کارز تیار کرنے والی کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے متعدد نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے دور میں مملکت میں کھیلوں کے سیکٹر کے حوالے سے خصوصی توجہ اور سپورٹ دیکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی بھی براہ راست سرپرستی حاصل ہے۔

سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہونے والے گذشتہ اسپورٹس سیزنوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ذرائع ابلاغ میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔

یاد رہے کہ حال ہی میں مملکت میں دنیا کی مہنگی ترین انعامی رقم کی گھوڑ دوڑ منعقد ہوئی۔ رواں ماہ 19 اور 20 فروری کو "سعودی کپ" چیمپین شپ کے دوسرے ایڈیشن میں سعودی گھوڑے "مشرف" نے عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر 2 کروڑ امریکی ڈالر کی رقم پیش کی گئی۔ چیمپین شپ کی مجموعی انعامی رقم 3 کروڑ ڈالر تھی۔