سعودی عرب کی کبائرعلما کونسل نے امریکی کانگریس کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میںالزام عاید کیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں مبینہ طور پر سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ملوث ہیں۔ کبائرعلما کونسل کا کہنا ہے اسے وزارت خارجہ کے اس موقف سے کلی طور پر اتفاق ہے جس میں اس رپورٹ کو یکسر مسترد کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق کبائرعلما کونسل کا ڈاریکٹوریٹ جنرل واضح کرتا ہے کہ امریکی کانگریس کی رپورٹ حقائق کے منافی ہے۔ علما کو سعودی عرب کی عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے اور جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات پر مکمل اعتماد ہے۔ سعودی عرب کے عدالتی فیصلوں پر عدم اعتماد کا اظہار مملکت کی عدلیہ کی توہین اور عدلیہ کی آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کبائرعلما کونسل کو مملکت کی قیادت اور اس کے دانش مندانہ فیصلوں پر مکمل اعتبار ہے۔ سعودی عرب عالم عرب، اسلامی دنیا اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی مکمل پاسداری، عالمی استحکام، اعتدال پسندانہ پالیسی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔