.

سعودی عرب: سال بھر بہتے چشموں کی مشہور وادی لومہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مغرب میں واقع القنفذہ گورنری میں ایک ایسی وادی واقع ہے جو اپنے اندر قدرت کے بے پناہ وسائل کے ساتھ ساتھ اپنی ظاہری خوبصورتی اور قدرتی حسن کی بہ دولت بھی اپنی مثال آپ ہے۔

مقامی شہری اسے 'وادی لومہ' کے نام سے جانتے ہیں۔ وادی میں سال بھر پانی کے چشمے ابلتے رہتے ہیں۔ اپنی ظاہری خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہ ایک تاریخی مقام اور قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہے۔ وادی کے وسط میں بہنے والے ندی نالے اس کی خوبصورتی اور قدرتی حسن کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔ سال کے تمام موسموں میں یہ وادی اپنا ایک الگ رنگ پیش کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوٹو گرافر، سیاح اور قدرتی مناظر کے نظاروں میں دلچسپی رکھنے والے شہری آنکھوں کی ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے اس وادی کا رخ کرتے ہیں۔

سعودی عرب کے ایک مقامی فوٹو گرافر علی الشدودی نے اپنے کیمرے سے وادی لومہ میں بہتے پانی کے چشموں اور اس کے خوبصورت نظاروں کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ سے بات کرتے ہوئے علی الشدودی نے بتایا کہ وادی لومہ کے مشرق میں الباحہ کا علاقہ واقع ہے۔بلندی کی سمت میں پہاڑیوں کی طرف غامد الزناد گورنری اور مغرب میں سمندر واقع ہے۔ اس وادی کا شمار سعودی عرب کے مغرب میں واقع بڑی وادیوں میں ہوتا ہے۔

فوٹو گرافر ناصر الشدودی نے بھی وادی لومہ کے جاذب نظر اور پرکشش نظاروں کو کیمرے میں محفوظ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وادی لومہ کو غامد الزناد کے علاقے کے قریب مشہور وادی ہے۔ یہ وادی مغربی پہاڑوں کے نشیبی علاقے سے شروع ہوتی ہے اوربنی عیسیٰ کے مقام سے سے القنفذہ گورنری میں شامل ہوجاتی ہے۔ القنفذہ مکہ معظمہ ریجن میں واقع ہے۔ اس کے دونوں کناروں پر گھنے جنگلات ہیں اور وادی کے بیچوں بیچ ایک ندی اور کئی چشمے سال بھر بہتے ہیں۔