سعودی عرب کے علاقے حائل سے تعلق رکھنے والی ایک اسکول ٹیچر نے اپنی ایک طالبہ کے گھر میں چور گھسنے کے موقعے پر 'مدرستی' پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے طالبہ کی مدد کی اور چوری کی واردات ناکام بنا دی۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی متعدد ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ ایک معلمہ نے بچی کو آن لائن پڑھاتے ہوئے کیمرے میں دیکھا کہ ایک شخص گھر کی کھڑکی کھول کر اندر داخل کی کوشش کر رہا ہے۔ اس وقت بچی کی ماں اور گھر کے دیگر افراد وہاں موجود نہیں تھے۔
استانی نے اپنی طالبہ جس کی شناخت 'رہف' کے نام سے کی گئی ہے کو ہدایت کی کہ وہ فورا مائیک کھولے۔ اس دوران استانی نے ایک دوسری بچی کی ماں کو رہف کے گھر کی طرف روانہ کیا۔ وہ خاتون رہف کے گھر کے قریب ہی تھی۔ وہ تیزی کے ساتھ وہاں پہنچی اور چور اسے دیکھ کر بھاگ کھڑا ہوا۔