ریتلے طوفان اور گرد آلود آندھی نے شمالی سعودی عرب کے دن کو رات میں بدل دیا
آج جمعہ کے روز سعودی عرب کے شمالی علاقوں بالخصوص الجوف اور اس کے مضافات میں ریتلے طوفان اور گرد آلود آندھی نے دن کو رات میں بدل دیا۔ ماہرین موسمیات نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرد آلود موسم سے متاثرہ علاقوں میں سفر میں احتیاط برتیں۔ گرد آلود آندھی نہ صرف شمالی علاقوں میں تیزی کے ساتھ چل رہی ہے بلکہ مملکت کے وسطی علاقے بھی اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
سعودی عرب میں ماہر موسمیات اور موسمیات کمیٹی کے رکن عبدالعزیز الحصینی نے بتایا کہ ریتلے طوفان اور گرد آلود آندھی کا پہلا سلسلہ جمعہ کی صبح شمالی سعودی عرب بالخصوص الجوف کے علاقے میں سامنے آیا۔ اس کے علاوہ جنوبی اور مشرقی تبوک، مشرقی مکہ، القصیم، الریاض، اور مشرقی گورنری اور دوسرے علاقوں میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ گرد آلود آندھی اور ریتلے طوفان کے امکانات ہیں۔ ان علاقوں میں شہریوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے جنوبی سمت کے دروازے استعمال کریں۔ شمالی اور مشرقی علاقوں کی سمت میں کھلنے والے دروازے اور کھڑکیاںبند رکھی جائیں۔
شمالی سعودی عرب میں ریتلا طوفان، شہریوں کو دوران سفر احتیاط برتنے کی تلقین
انہوںنے کہا کہ کل ہفتے کے روز مملکت کے شمالی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معتدل رہنے کا امکان ہے جب کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب موسم قدرے ٹھنڈا ہو۔ ہفتے کے روز اور اتوار کی شب درمیانی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کے امکان ہے۔ جنوبی الریاض اور مشرقی نجران میں گرد آلو ہواوں کے امکانات زیادہ ہیں۔
ادھر سعودی عرب میں جغرافیا کے استاد اور ماہر موسمیات ڈاکٹر عبداللہ المسند نے 'ٹویٹر' پرایک بیان میں شہریوں سے کہا ہے کہ وہ گرد آلود علاقوں میں قیام کے دوران سفر سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقی اور شمالی سعودی عرب کے بعض علاقوں میں تیز رفتار گرد آلود ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔