.

شام میں ‌خونی جنگ کے 10 سال مکمل، المیہ بدستور جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں 15 مارچ 2021ء کو شروع ہونے والی خونی خانہ جنگی کو 10 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف تباہی اور بربادی کی یہ طویل جنگ اب بھی جاری ہے اور المیہ ختم ہونے کو نام نہیں لے رہا ہے۔ اب تک یہ خونی جنگ 3 لاکھ 88 ہزار افراد کی جانیں لے چکی ہے۔

دس سال سے جاری شام کے المیےکا ہر پہلو دردناک داستان پر مشتمل ہے۔ لاکھوں افراد کے لقمہ اجل بننے کے ساتھ لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔ بے شمار لوگ جسمانی اعضا سے محروم ہونے کے بعد اپاہج ہیں۔ کئی ملین لوگ بے گھر ہیں جب کہ ہزاروں کو جبری طور پر لاپتا کردیا گیا ہے جن کے پیارے ان کے بارے میں کسی اچھی یا بری خبر کے انتظار میں ہیں۔

شام میں 15 مارچ کو شروع ہونے والی خانہ جنگی کے 10 سال کے دوان میں خون کی ندیاں بہہ گئیں۔ خون خرابے کا آغاز اس وقت ہوا جب حکومت کے خلاف اٹھنے والے پرامن احتجاج کو کچلنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا گیا اور نہتے مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں۔

شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے 'سیرن آبزر ویٹری' کے مطابق گذشتہ چند برسوں کے دوران شام میں لڑائی کی حدت کسی حد تک کم ہوئی ہے۔ اب ادلب اور اس کے اطراف کے شہر لڑائی کا مرکز ہیں۔ روس اور ترکی کی کوششوں سے ادلب میں عارضی جنگ بندی کی گئی ہے اور دوسری طرف اب کرونا کی وبا نے ملک کو ایک نئی تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

شام میں طویل خون خرابے کے بعد اب عوام کو'قطار میں لگنے' کی ایک نئی مصیبت کا سامنا ہے۔ لوگ بنیادی ضرورت کی اشیا کے حصول میں بھی ناکام ہیں اور پورا پورا دن قطار میں لگ کر اپنی ضرورت کی چیز حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسد رجیم کے زیرانتظام علاقوں میں شہریوں کی لمبی لمبی لائنیں دیکھی جاسکتی ہیں۔

شہریوں کو روٹی لینا ہو یا ڈیزل یا موبائل فون کے لیے کارڈ لینا ہو۔ انہیں گھنٹوں لائن میں کھڑا ہو کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

پٹرول اسٹیشنوں کے سامنے ایندھن لینے کے لیے گاڑیوں کی قطاریں۔ بیکریوں کے آگے روٹی حاصل کرنے والوں کا رش اور موبائل فون کی دکانوں کے سامنے موبائل کارڈ لینے والوں کا ھجوم بتا رہا ہے کہ شام کا یہ بحران کس قدر گھمبیر ہوچکا ہے۔

دوسری طرف مہنگائی کا عالم یہ ہے کہ شامی لیرہ کی ڈالر کے مقابلے میں قیمت نچلی ترین سطح پر آچکی ہے۔ دمشق میں ایک ڈالر میں 4070 شامی لیرہ فروخت ہو رہے ہیں جب کہ ایک یورو کے مقابلے میں 4866 لیرہ مل رہا ہے۔