.

تعلیم چھوڑ کرلمبے بالوں کا عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے کوشاں مصری سے ملیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گینز بک میں نام لکھوانا آسان نہیں ہوتا اور اس کے لیے کچھ ایسا کرنا پڑتا ہے جو کسی دوسرے کے پاس نہ ہو۔ مصر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے بھی گینز بک میں نام لکھوانے کے لیے اپنے بال لمبے کرنا شروع کیے ہیں۔ مصر میں پبلک مقامات اور سڑکوں‌پر چلتے ہوئے اس نوجوان کو اپنے سر کے بالوں سے گاڑی کھینچتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

احمد مصطفیٰ سوشل میڈیا پر 'احمد ذبذوبی' کے نام سے مشہور ہے۔ وہ نہ صرف سوشل میڈیا اسٹار بن چکا ہے بلکہ مصر میں اس کے چرچے زبان زد عام ہیں۔ اس کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا میں سب سے لمبے والا نوجوان ہے اور وہ جلد ہی گینز بک میں اپنا یہ ریکارڈ پیش کرے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ اس نے اپنے بال لمبے کرنے کے لیے وہ سب کچھ کیا جو اسے کرنا چاہیے تھا اور اس نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یہاں تک کہ اس نے پڑھائی بھی چھوڑ دی اور اپنے مستقبل کو بھی پس پشت ڈال دیا کہیں ایسا نہ ہو کہ بال لمبے کرنے کا مشن ادھورا رہ جائے۔ میں عالمی ریکارڈ حاصل کرنے تک کسی لڑکی شادی کے لیے بال چھوٹے کرنے کی کوئی شرط قبول نہیں کروں گا۔

احمد کی اس کی ماں نے بھی بال لمبے کرنے 'غیر ضروری شوق' سے منع کیا اور کہا کہ وہ بالوں پر توجہ دینے کے بجائے کوئی اور ڈھنگ کا کام کرے مگر اس نے ماں کو بھی صاف صاف کہہ دیا کہ وہ بالوں کا عالمی ریکارڈ بنانے تک کوئی اور کام نہیں کرے گا نہ اور بال کٹوائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں احمد نے کہا کہ اس نے 15 سال سے بال نہیں کٹوائے۔ اس نے چھٹی جماعت سے بال کٹوانا چھوڑ دیے تھے۔ اس نے محسوس کیا کہ نال لمبے کرنے پر اسے اسکول میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس نے پڑھائی ہی ترک کر دی۔

لمبے اور بے ڈھنگے بالوں کی وجہ سے اسے کوئی نوکری بھی نہیں ملی مگر اس نے کوئی پرواہ نہیں کی۔احمد نے بتایا کہ اس وقت اس کے بالوں کی لمبائی 150 سینٹی میٹر ہے۔ وہ بالوں کی رسیوں کی طرح مینڈیاں بناتا ہے۔

یہاں تک کہ اس نے اپنی ایک ویڈیو دکھائی جس میں وہ اپنے بالوں سے ایک کار کو کھینچ رہا ہے۔ بال دھونے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں احمد کا کہنا تھا کہ وہ ایک یا دو ہفتے بعد بالوں کو دھو لیتا ہے۔ بال دھونے میں اسے دوسرے لوگوں کی مدد لینا پڑتی ہے۔

اکیس سالہ احمد اس وقت مصر میں سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہوچکا ہے۔ اس نے اپنے لمبے بالوں کی ویڈیوز ٹک ٹاک پر بھی پوسٹ کر رکھی ہیں۔