.

سعودی عرب کی سپاہ دنیا کی چھٹی طاقت ور ترین فوج قرار: رپورٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا کی طاقت ور ترین فوج امریکا کی نہیں بلکہ چین کی ہے۔ اس بات کی تصدیق عسکری تحقیق سے متعلق خصوصی ویب سائٹ Military Direct نے اپنی نئی رپورٹ میں کی ہے۔

رپورٹ میں مذکور دنیا کی 10 بڑی فوجوں میں ایک کا تعلق عرب ملک سے ہے۔ یہ سعودی عرب کی فوج ہے جس کا فہرست میں چھٹا نمبر ہے۔ ابتدائی پانچ افواج کی درجہ بندی میں چین، امریکا، روس، بھارت اور فرانس شامل ہیں۔ سعودی عرب کے بعد اگلی چار پوزیشنوں پر جنوربی کوریا، جاپان، برطانیہ اور جرمنی ہیں۔

ویب سائٹ کے حالیہ جائزے میں مختلف عوامل کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ان میں فوجی بجٹ، تنخواہوں اور عسکری اہل کاروں کی تعداد کے علاوہ فضائی، بحری، بری اور جوہری افواج کا حجم شامل ہے۔

طاقت ور ترین افواج کی فہرست میں چین 100 میں سے 82 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکا ہے جس کے 74 پوائنٹس ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بحری جنگ میں چین کو، فضائی جنگ میں امریکا کو اور زمینی جنگ میں روس کو برتری حاصل ہے۔

فوجی بجٹ کے لحاظ سے امریکا ابتدائی 10 ممالک کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس کا سالانہ فوجی بجٹ 732 ارب ڈالر ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد چین کا فوجی بجٹ 261 ارب ڈالر ہے۔