سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے مسجد حرام میں معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کے مراکز کا دورہ کیا۔ مذکورہ وزیر کے ہمراہ ان کے نائب ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط اور حرمین شریفین کی اسپیشل سیکورٹی فورسز کی قیادت بھی تھی۔
اس موقع پر نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سليمان مشاط نے کہا کہ "یہ دورہ وزارت حج و عمرہ کے زیر انتظام طریقہ کار کے جائزے کے سلسلے میں ہے۔ اس کا مقصد رمضان مبارک کی تیاری کے سلسلے میں معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کے مراکز میں حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے"۔

نائب وزیر نے تمام کارکنان پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالی کے مہمانوں کے واسطے اعلی ترین معیاری خدمات پیش کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کریں ،،، اور مملکت کی قیادت کی امیدوں پر پورا اتریں۔

مسجد حرام اور اس کے اطراف علاقوں میں معتمرین اور نمازیوں کے اکٹھا ہونے کے 3 مقامات ہیں۔ یہاں کی یومیہ گنجائش ایک لاکھ افراد سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ "اعتمرنا" ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ ادا کرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجازو کر چکی ہے۔