.

سعودی عرب : 1.9 کروڑ صارف "ڈیجیٹل آئی ڈی" سے مستفید ہو رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت داخلہ نے "توکلنا" ایپ کے ذریعے 'ڈیجیٹل شناخت' کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی شناخت کے حوالے سے یہ پروگرام 'سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفشل انٹیلی جنس' (SDAIA) کے تعاون سے متعارف کرایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں مذکورہ اتھارٹی میں 'توکلنا' سسٹم کے چیف ایگزیکٹو انجینئر عبداللہ العیسی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "یہ پروگرام سعودی عرب میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ اب تک اس اپیلی کیشن میں اندراج کرانے والے 1.9 کروڑ سے زیادہ افراد تمام سرکاری اور نجی معاملات میں اپنی ڈیجیٹل شناخت کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ مستقبل میں اس حوالے سے مزید قومی مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی"۔

العیسی کے مطابق اس نئے پروگرام کا آغاز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر کیا گیا۔ وہ SDAIA اتھارٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 'توکلنا' ایپ میں ڈیجیٹل آئی ڈی وزارت داخلہ کی ایپ 'أبشر أفراد' کی ڈیجیٹل آئی ڈی سے مطابقت رکھتی ہے۔ یہ سیکورٹی اہل کاروں کے پاس شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی شناخت ثابت کرنے کا سرکاری منظور شدہ ذریعہ ہے۔