.

کئی سال کی بندش کے بعد یمن کے الریان فضائی اڈے پر فلائٹ آپریشن بحال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی آئینی حکومت اور عرب اتحاد کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں یمن کی مشرقی حضر موت گورنری کے دارالحکومت اور مرکزی شہر المکلا میں قائم الریان بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن کل اتوار کے روز سے بحال ہو رہا ہے۔

یمن کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ عبدالسلام حمید نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ الریان ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن کی بحالی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ہوائی اڈے کو ہر طرح کی فضائی سروس کے لیے تیار کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یمن کی سول ایوایشن اتھارٹی نے مسافروں کے تحفظ کے لیے ہوائی اڈے پر تمام تکنیکی انتظامات کیے ہیں۔ قبل ازیں یمن کی سول ایوی ایشن و موسمیات کی طرف سے جاری ایک دستاویز میں کہا گیا تھا کہ الریان ہوائی اڈے کو فضائی آمد ورفت کے لیے تیار کرلیا گیا ہے۔ اتوار 28 مارچ 2021ء سے اس ہوائی اڈے پر فضائی سروس دوبارہ شروع ہوگی۔