.

سعودی عرب میں کھیل کے میدانوں میں تماشائیوں کی آمد کی مشروط اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت کھیل نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ 'کوویڈ 19' کی وجہ سے کھیل کے میدانوں میں تماشائیوں کی آمد پرپابندی جزوی طور پر اٹھا لی گئی ہے۔ اب تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے اور براہ راست میچ دیکھنے کی مشروط اجازت ہوگی۔

وزارت کھیل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی اور فلسطینی فٹ بال ٹیموں کے درمیان آج منگل کو ہونے والے ورلڈ کپ اور ایشین کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں ایسے تماشائیوں کو کھیل کے میدانوں میں آنے کی اجازت ہوگی جو کرونا ویکسین لگواچکے ہیں۔ اس موقعے پر 40 فی صد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہوگی۔ وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ میچوں میں تماشائیوں کی شرکت 17 مئی کے بد بحال کردی جائے گی۔

ایک پریس بیان میں وزارت کھیل نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس کی پیشرفت کو مد نظر رکھتے ہوئے کرونا ویکسین لگوانے والے 40 فیصد شہری آج منگل کے روز "مارسول پارک" اسٹیڈیم میں میں فلسطینی اور سعودی ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں براہ راست میچ دیکھ سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ باقی میچوں میں تماشائیوں کی شرکت کی اجازت 17مئی کے بعد دی جائے گی اور اس کے لیے بھی کرونا ویکسین لگوانا بنیادی شرط ہوگی۔