سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین کے مشیر اور مکہ معظمہ کے گورنر نے مشہور شاعر محمد الثبیتی مرحوم کی ادبی خدمات کے اعتراف میں مکہ معظمہ کی ایک سڑک ان کے نام منسوب کرنے کا حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ سعودی شاعر محمد البیتی 1952ء کو طائف میں پیدا ہوئے اور سنہ 2011ء میں وفات پائی۔
خادم الحرمین الشریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے شہر کی ایک اہم شاہراہ کو شاعر محمد الثبیتی کے نام منسوب کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
گورنر مکہ کی طرف سے مرحوم شاعر کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ایک شاہراہ کو ان کے نام منسوب کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی حکومت علوم وفنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ محمد الثبیتی مرحوم کے نام ایک سڑک منسوب کرنا شاعر کی ادبی خدمات کا اعتراف ہے۔
خیال رہے کہ محمد الثبیتی کو ان کی بہترین عربی شاعری کی وجہ سے 'شاعر عکاظ' کا لقب دیا گیا۔ انہوں نے شاعری کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر کئی ایوارڈ اور انعامات بھی حاصل کیے۔ انہیں جدہ کے لٹریچر کلب کی جانب سے بہترین شاعر کا ایوارڈ دیا گیا مگر شدت پسندوں نے انہیں اس ایوارڈ کے حصول سے روک دیا۔ اس کے علاوہ 'البابطین' فاونڈیشن کی جانب سے سنہ 2000 میں البابطین ایوارڈ جاری کیا گیا۔
شاعر الثبیتی کی خدمات کے اعتراف میں مکہ کی اہم شاہراہ منسوب کرنے پر سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہزادہ خالد الفیصل کے اس اقدام کی غیرمعمولی تعریف اور تحسین کی ہے۔ مرحوم شاعر کے فرزند نزار الثبیتی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ شہزادہ خالد الفیصل کی طر ف سے ایک اہم شاہراہ کو مرحوم شاعر الثبیتی کے نام منسوب کرنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس طرح کے اقدامات حکومت کی ادبی اور علمی خدمات کے اعتراف اور شاعروں اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی کا بہترین ثبوت ہے۔