.

ایران : قم شہر کے نزدیک کیمیکل فیکٹری میں خوف ناک آتش زدگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں قُم شہر کے نزدیک واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں آج اتوار کی صبح آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی "اِسنا" کے مطابق شکوہیہ انڈسٹریل سِٹی میں الکحل تیار کرنے والی کمپنی میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی۔

دوسری جانب فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق انڈسٹریل سِٹی میں کئی فیکٹریوں میں آگ لگ گئی جہاں یہ شاہراہ عام تک پھیل گئی۔

ایجنسی کے مطابق آتش زدگی کے نتیجے میں انڈسٹریل سٹی میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں کامیاب ہو گیا۔ جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیاں اور 150 اہل کار پہنچ گئے تھے۔

قم شہر میں آگ بجھانے والے ادارے کے ترجمان حمید کریمی کے مطابق مذکورہ آگ بجھانے کی کارروائی میں سیکڑوں فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ اس دوران میں آگ نے فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس کے نتیجے میں دو فائر فائٹرز شدید طریقے سے جھلس گئے۔ آتش زدگی کے سبب فیکٹریوں میں دھماکے بھی ہوئے۔ خوش قسمتی سے فائر فائٹرز نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آگ کو الکحل اور دیگر قابل اشتعال مواد کے ٹینکروں تک پہنچنے سے روک دیا۔