.

سعودی شہریوں کے بیرون ملک سفر کی اجازت سے متعلق تفصیلات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے پیر کی شام مملکت کے ہوائی اڈوں پر کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو ایک نوٹفکیشن ارسال کیا ہے۔ اس نوٹفکیشن میں شہریوں کے بیرون ملک سفر کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلات درج ہیں۔

یہ نوٹفکیشن سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے شہریوں کو بیرون ملک سفر اور واپسی کی اجازت دیے جانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق نوٹفکیشن میں فضائی کمپنیوں کو ایسے شہریوں کو لے جانے کی اجازت دی ہے جنہووں نے کوویڈ - 19 ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کر لی ہیں۔ اسی طرح ایک خوراک حاصل کرنے والے شہری بھی سفر کرنے کے مجاز ہوں گے بشرط یہ کہ پہلی ویکسین کو لگوائے 14 روز کا عرصہ گزر چکا ہو۔

اسی طرح نوٹفکیشن میں کرونا وائرس سے شفایاب ہونے والے افراد کو بھی سفر کی اجازت ہو گی بشرط یہ کہ ان کے کرونا سے متاثر ہونے کے بعد 6 ماہ سے کم کا عرصہ گزرا ہو۔ علاوہ ازیں 18 برس سے کم عمر شہریوں کو بھی سفر کی اجازت ہو گی بشرط یہ کہ وہ سعودی مرکزی بینک کی جانب سے منظور شدہ بیمہ دستاویز پیش کریں جس میں مملکت سے باہر کووڈ-19 کے خطرات کو پورا کیا گیا ہو۔

سعودی شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات پر عمل 5 شوال 1442 ہجری مؤرخہ 17 مئی 2021ء بروز شروع ہو گا۔

دوسری جانب شہری ہوابازنی کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ عبد العزيز بن عبدالله الدعيلج نے صحت سے متعلق قابل اعتماد شرائط کے ساتھ شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دیے جانے پر مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کو گراں قدر قرار دیا۔