.

شام:حمص کی ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی ،امدادی عملہ قابو پانے کے لیے کوشاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے وسطی شہر حمص میں واقع تیل صاف کرنے کے کارخانے میں اتوار کے روز آگ بھڑک اٹھی ہے اور حکام اس پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں۔

شامی حکام کے مطابق حمص ریفائنری میں تیل مصفا کرنے کے یونٹ میں ایک پمپنگ اسٹیشن سے اخراج کے نتیجے میں آگ لگی ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی نے ریفائنری میں لگی آگ کی فوٹیج براہ راست نشر کی ہے۔اس میں آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں اور سیاہ دھویں کے بادل دور سے دیکھے جاسکتے ہیں۔

حمص میں جنوری میں بھی ریفائنری کے نزدیک خام تیل کے لوڈنگ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی اور تیل لے جانے والے دسیوں ٹرکوں کوآگ لگ گئی تھی۔

شام کی حمص اور بانیاس میں واقع ریفائنریوں کو حالیہ ہفتوں کے دوران میں تیل کی رسد کی کمی کا سامنا ہے۔ان ریفائنریوں کو زیادہ تر ایران سے خام تیل مہیا ہوتا ہے لیکن اب امریکا کی پابندیوں کی وجہ سے ایران شام کو خام تیل مہیا نہیں کرسکتا۔

شام کو گذشتہ دوسال سے ایندھن کی قلّت کا سامنا ہے۔اس کے پیش نظر صدربشارالاسد کی حکومت نے تیل کی بھی راشن بندی کردی ہے اور اس کے عمل داری والے علاقوں میں تیل راشن کی طرح تقسیم کیا جارہا ہے۔