.

جوبائیڈن کا نیتن یاھو سے فلسطینیوں کے ساتھ محاذ آرائی فوری ختم کرنے پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کی شب کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ تنازعات اور محاذ آرائی کو جلد از جلد ختم کریں۔

بائیڈن نے حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنا دفاع کرنے کا حق ہے۔

جو بائیڈن نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین باہمی بمباری میں اضافے کے تناظر میں نیتن یاہو کو دیرپا امن بحال کرنے زور دیا۔

ہادی عمرو
ہادی عمرو

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے اطلاع دی ہے کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے غزہ سے راکٹ حملوں کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ بلنکن نے نیتن یاہو کو تشدد کو ترک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اسرائیلی فلسطینی امور کے لیے اپنی ایلچی ہادی عمرو کو خطے کے دورے پر روانہ کیا ہے تاکہ وہ اسرائیلی اور فلسطینی حکام سے جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کرسکیں۔

آئرن ڈوم غزہ سے فائر راکٹوں کو فضا میں ناکارہ بنا رہا ہے
آئرن ڈوم غزہ سے فائر راکٹوں کو فضا میں ناکارہ بنا رہا ہے

انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے فون پر بات بھی کی ہے۔انھوں نے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی مذمت کی ہے لیکن غزہ پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا بلکہ صرف اس امر پر اکتفا کیا کہ امریکا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے امن وسلامتی سے رہنے کی حمایت کرتا ہے۔

اسرائیلی لڑاکا جیٹ نے بدھ کی شب بھی غزہ کی پٹی میں فضائی حملے جاری رکھے ہوئے تھے۔ان میں کم سے کم 50 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں غزہ کی حکمراں حماس نے ان حملوں میں اپنے 16 کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی غزہ کی عمارتیں
اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی غزہ کی عمارتیں

اسرائیلی حکام یہ دعوے کر رہے ہیں کہ غزہ پر فضائی بمباری میں حماس کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کا ہدف شہری آبادی نہیں ہے۔ دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ اس نے فضائی حملوں کے جواب میں بدھ کو اسرائیلی علاقوں کی جانب 130 راکٹ فائر کیے۔

درایں اثناء امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی اپنے اسرائیلی ہم منصب بینی گینز سے فون پر گفتگو کی ہے اور انھوں نے بھی وزیر خارجہ بلنکن کی طرح امریکا کی جانب سے اسرائیل کے دفاع کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

غزہ پر شدید بمباری
غزہ پر شدید بمباری