.

سعودی عرب: بلند پہاڑوں میں بنی معلق عید گاہ میں نماز عید کے جادووئی مناظر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی فیفا گورنری میں مقامی شہریوں نے اس بار عیدالفطر کی نماز کی ادائی کے لیے بلند پہاڑوں میں معلق ایک مصلیٰ کا انتخاب کیا جہاں پر نماز کی ادائی کے طلسماتی مناظر سامنے آئے ہیں۔ ہرے بھرے درختوں اور پہاڑوں میں گھری عید گاہ عید کی نماز کے موقعے پر'کرونا' ایس اوپیز کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور شہریوں نے سماجی فاصلے کے تحت عید کی نماز ادا کی جس نے نماز کے مناظر کو اور بھی خوبصورت بنا دیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اس منفرد مقام پر عید کی نماز کی تصاویر حاصل کی ہیں جو اپنی کشش میں کسی طلسم ہوشربا سے کم نہیں۔

فیفا کا یہ پہاڑی علاقہ سعودی عرب کے جنوب میں جازان میں واقع ہے۔ یہاں پر نماز کے لیے کھلی عید گاہ میں شہریوں نے ایس اوپیز کا خاص خیال رکھا ہے۔ یہاں‌پر ہونے والی نماز عید کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوتے ہی وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے انہیں بے حد پسند کیا ہے۔ یہ معلق عید گاہ مغربی فیفا میں بکرعان کے مقام پر بنائی گئی ہے۔ اپنے منفرد قدرتی ماحول کی بہ دولت یہ عیدگاہ اپنی مثال آپ ہے۔

بکرعان کا علاقہ سطح سمندر سے 2000 میٹر بلندی پر واقع ہے۔ یہ کئی پہاڑی چوٹیوں اور پہاڑی سلسلوں کا حصہ ہے۔ یہاں کی بلند ترین چوٹی العبسیہ کہلاتی ہے۔ اس کے اطراف میں وادی ضمد اور شمال مغرب میں وادی جورا واقع ہیں۔ یہاں پرکافی کی کاشت کے علاوہ کئی دوسری فصلیں بھی کاشت کی جاتی ہے۔