فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر اتوار کو'او آئی سی' کا ہنگامی اجلاس طلب
سعودی عرب کی درخواست پر پرسوں اتوار کو اسلامی تعاون تنظیم'او آئی سی' کا وزرا خارجہ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ورچوئل ہو گا جس میں فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملے بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے تشدد پر غور کرنے کے ساتھ اسرائیلی جارحیت روکنے پر بات چیت کی جائےگی۔
سعودی عرب کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس ایک ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے کہ جب فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے فضائی، بری اور بحری حملے گذشتہ پانچ روز سے جاری ہیں جن میں اب تک ایک سو کےقریب فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکےہیں۔
جمعرات کو اسرائیل کے شمال میں پہلی بار حماس کے راکٹوں کے خطرے کےسائرن بجائے گئے۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں یہ پہلا موقع ہے جب حماس نے غزہ سے اڑھائی سو کلو میٹر کے فاصلے پر راکٹ داغے ہیں۔

قبل ازیں اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں راکٹ حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے تھے۔ العربیہ چینل کے نامہ نگار کےمطابق شمالی شہر حیفا میں پہلی بار خطرے کےسائرن بجائےگئے۔
خٰیال رہےکہ گذشتہ سوموار سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پرجاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 17 بچوں سمیت 83 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ ان دنوں میں غزہ کی پٹی سے حماس اور دوسری فلسطینی تنظیموں کی طرف سے اسرائیل پر 1600 راکٹ داغے ہیں۔