.

مصر سے 10ایمبولینسیں اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کولینے کے لیے غزہ روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر نے اسرائیلی فوج کی فضائی بمباری میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو لینے کے لیے 10 ایمبولینسیں غزہ روانہ کی ہیں۔ان زخمی فلسطینیوں کو علاج کے لیے مصر کے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔

مصری ایمبولینس گاڑیاں جزیرہ نما سیناء سے رفح کی بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئی ہیں۔عید الفطر کی تعطیلات کے موقع پر مصرنے غزہ کے ساتھ اس گذرگاہ کو پانچ روز کے لیے بند کیا تھا۔اس کو سوموار کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

مصرکے سرکاری اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق غزہ سے زخمیوں کو اٹھانے کے لیے مزید پانچ ایمبولینسیں بھی بھیجی جارہی ہیں۔ زخمی فلسطینیوں کے علاج کے لیے مصر کے تین اسپتالوں میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے گذشتہ سوموار سے غزہ کی پٹی پرجاری فضائی حملوں اور توپ خانے سے گولہ باری سے کم سے ڈیڑھ سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کی غزہ پر تباہ کن بمباری سے کئی کثیرمنزلہ عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔

محاصرہ زدہ غزہ کے اسپتالوں میں اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کے علاج و معالجے کے لیے سہولتیں ناکافی ہیں۔اس لیے اب ان زخمیوں کو مصر منتقل کیا جارہا ہے۔