اسرائیلی فوج کی لبنان سے راکٹوں کے جواب میں سرحدی علاقے پرگولہ باری
اسرائیلی فوج نے لبنان کی جانب توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔اس نے لبنان کے جنوبی علاقے سے شمالی اسرائیل کی جانب راکٹ حملے کے جواب میں یہ گولے داغے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سوموار کو لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب چھے گولے داغے گئے تھے لیکن ان میں سے کوئی بھی سرحدپار نہیں گرا ہے۔
اسرائیلی فوج کے توپ خانے نے لبنان میں گولے داغنے کی جگہ پر فوری طور پرگولہ باری کی تھی۔لبنان کے ایک سکیورٹی ذریعے نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ جنوبی لبنان سے گولے داغنے کی آوازیں سنی گئی ہیں اور اس کی جگہ کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
اس ذریعے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی توپ خانے نے ردعمل میں لبنانی علاقے کی جانب 22 گولے داغے ہیں۔
فوری طور پر اس گولہ باری سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور بظاہر یہ اس بات کا بھی اشارہ نہیں کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ جنگ کا ایک اور نیا محاذ کھول رہا ہے۔اسرائیلی فوج پہلے ہی غزہ پر تباہ کن فضائی حملے کررہی ہے اور اس کی فلسطینیوں کے خلاف مسلط کردہ یہ جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔
لبنان سے گولہ باری کے بعد اسرائیل کے شمال میں سرحد کے ساتھ واقع مسگیف ایم میں سائرن بج اٹھے تھے۔گذشتہ ایک ہفتے میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدپار گولہ باری کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
گذشتہ جمعرات کو لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب تین راکٹ داغے گئے تھے لیکن یہ تینوں بحرمتوسط میں گرے تھے اور ان سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔