.

لبنان : 4 ٹن منشیات بیرون ملک اسمگلنگ سے قبل ضبط

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان میں حکام نے جمعے کے روز منشیات کی بھاری مقدار بیرون ملک اسمگل کرنے کی ایک نئی کوشش ناکام بنا دی۔

قومی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوب میں انسداد منشیات کے دفتر نے صیدا شہر کی ایک سڑک پر کھڑے دو ٹرکوں سے بھاری مقدار میں حشیش ضبط کر لی۔ یہ حشیش آئرن اسکریپ سے بھرے ہوئے دونوں ٹرکوں میں لوہے کے بکسوں میں چھپائی گئی تھی۔ ان ٹرکوں کی بیرون ملک منتقلی کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔

حکام کے مطابق دونوں ٹرکوں سے حشیش سے بھرے 32 ڈرم برآمد ہوئے۔ یہ ٹرک صیدا کی بندرگاہ کے راستے میں کھڑے تھے۔ دونوں ٹرکوں کو جانبی سڑک پر کھڑا کر کے دونوں ڈرائیور فرار ہو گئے۔

دوسری جانب متعدد اخباری ذرائع کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئی منشیات کی مقدار 4 ٹن تک ہے۔ اسے بحری تجارتی جہاز کے ذریعے مصر میں اسکندریہ کی بندرگاہ اسمگل کیا جانا تھا۔

گذشتہ ماہ سعودی عرب نے لبنان سے 24 لاکھ نشہ آور کیپسول اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ کیپسول اناروں کی پیٹیوں میں چھپائے گئے تھے۔

اسی طرح یونان نے بھی لبنان سے آنے والی کھیپ میں حشیش کی بھاری مقدار ضبط کی۔ بعد ازاں لبنان کے حکام نے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کئی کوششیں ناکام بنا دیں۔