.

جازان کے پہاڑوں پر'کافی' کے سفید پھولوں کے حسین مناظر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے جنوبی علاقے جازان کے پہاڑی علاقوں میں جا بہ جا کافی کے کھیت اور فام پائےجاتے ہیں۔ موسم بہار کے موقع پر کافی کے پودوں پر لگنے والے پھول ایک منفرد منظر پیش کرتے ہیں۔ رواں سال کافی کی کاشت میں اضافے کی خبروں کے ساتھ کافی کی شجر کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جازان کے پہاڑی علاقوں پر کافی کے سفید پھولوں کی بہتات ہے اور ہرطرف سفیدی کی چادر پھیلی ہوئی ہے۔

کافی کاشت جازان کے خطے میں معیشت کا اہم ذریعہ ہے۔ مملکت کی دانشمند قیادت کی طرف سے بھی کافی کی کاشت کو نگہداشت اور توجہ ملتی ہے۔ یہ ایک تاریخی میراث ہے اور پہاڑی علاقوں کے لوگوں کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ الخولانی پہاڑ کافی کی کاشت کے لیے صدیوں سے مشہور ہیں۔ یہاں پر کافی کی شجرکاری میں اضافے کے باعث کافی کی پیداوار میں 70 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

سعودی نیوز ایجنسی (ایس پی اے) کی کیمرہ ٹیم نے دائر بنی مالک گورنری میں موجود کافی کے کھیتوں کی تصاویر کشی کرکے ان مناظر کو عوام الناس تک پہنچانے کی کاوش کی ہے۔ کافی کے درختوں پر لگے سفید رنگ کے پھولوں نے پورے علاقے کو ایک نیا روپ دے دیا ہے۔ سفید پھولوں سے ایسے شاندار اور دلفریب مناظر دیکھنے کوملتے ہیں کہ لوگ انہیں دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں۔ بلا شبہ یہ پھول قدرت کا حسین شاہکار ہیں۔

کافی کے پودوں پر مارچ کے آخر میں پھول لگنا شروع ہوجاتے ہیں اور اپریل میں کافی کے درختوں پر بہار کا سیزن عروج پر ہوتا ہے۔ کافی کے پھول کھلنے میں صرف تین سے چار روز لگتے ہیں جب کہ اس کا پھل تیار ہونے میں چھ ماہ وقت لگتا ہے۔