اقوام متحدہ کی عالمی سیاحت کی تنظیم (UNWTO) نے مشرق وسطی کے لیے اپنا علاقائی دفتر کھولنے کے واسطے سعودی دارالحکومت ریاض کا انتخاب کیا ہے۔ یہ میڈرڈ سے باہر تنظیم کا پہلا دفتر ہے۔
دفتر کا افتتاح عالمی سیاحت کی تنظیم کے سکریٹری جنرل ژوراب بولو لکشویلی اور سعودی عزیر سیاحت احمد الخظیب نے کیا۔
اس علاقائی دفتر کی ذمے داری مشرق وسطی کے 13 ممالک کے ذریعے پالیسیوں اور منصوبوں کا نظم و نسق ہے۔ ساتھ ہی سیاحتی مصنوعات اور پائے دار ترقی کو مضبوط بنانا اور سیاحتی سیکٹر کے اہم اعداد و شمار جمع کرنا اور معلومات کا تبادلہ کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں یہ دفتر سیاحتی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے لوگوں کو آگاہی بھی فراہم کرے گا۔
عالمی سیاحت کی تنظیم نے ریاض میں پہلی سیاحتی اکیڈمی بنانے کا بھی اعلان کیا ہے جو مشرق وسطی کے علاقے کے لیے مخصوص ہو گی۔
ادھر سعودی عرب نے جامع سیاحت کا ایک بین الاقوامی فنڈ قائم کرنے کے لیے 10 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ عالمی بینک کے تعاون سے عالمی سیاحت کی نمو کو سپورٹ کرنے کے لیے پہلا فنڈ ہو گا۔
سعودی عرب میں قومی حکمت عملی کا ہدف ہے کہ سال 2030ء تک مجموعی قومی پیداوار میں سیاحت کے سیکٹر کا حصہ 10% سے زیادہ تک پہنچا دیا جائے۔ ساتھ ہی ویژن 2030ء کی روشنی میں ملازمتوں اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔