غزہ جنگ بندی: مصری وزیرخارجہ اتوار کواسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کریں گے
مصری وزیرخارجہ سامح شکری آج بروز اتوار اسرائیلی ہم منصب گابی اشکنازی سے ملاقات کریں گے اور وہ ان سے غزہ میں جنگ بندی اوراس کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مصرکی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان21 مئی کو غزہ میں جنگ بندی ہوئی تھی۔اب مصراسرائیل کے پشتیبان امریکا اور دوسرے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر اس جنگ بندی کو پائیدار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔وہ تنازع کے دونوں فریقوں سے فلسطینی علاقوں میں قیام امن کے لیے بات چیت کررہا ہے۔
مصری وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز اسرائیلی وزیرخارجہ کے دورے کی اطلاع دی ہے مگر اس کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
عباس كامل

اسرائیل کی خبری ویب گاہ ’’ولا‘‘ نے الگ سے یہ اطلاع دی ہے کہ مصر کی جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل اتوار کو اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو ،فلسطینی صدر محمود عباس اور حماس کے عہدے داروں سے ملاقات کریں گے۔
تاہم اسرائیلی یا فلسطینی حکام نے مصری انٹیلی جنس چیف اور وزیر خارجہ کے اس دورے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔